پالےکل//اسمرتی مندھانا (ناٹ آؤٹ 94) اور شیفالی ورما (ناٹ آؤٹ 71) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے پیر کو دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کے خلاف 10 وکٹوں سے جیت درج کی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے 50 اوورز میں 174 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ہندوستان نے 25.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان نے اس سے قبل ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور 11 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ اما کنچنا نے اپنی ٹیم کے لیے 47 (83) رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں انہوں نے دو چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ نیلاکشی ڈی سلوا نے 32 (62) رنز بنائے جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے 27 (45) رنز جوڑے اور سری لنکا اپنے 50 اوورز میں 173 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ہندوستان کی مضبوط باؤلنگ کے بعد مضبوط بلے بازی نے تابوت میں آخری کیل کا کام کیا۔ہرمن پریت کور کی ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 174 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ ہندوستان کے لیے اسمرتی نے 83 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 94 رنز بنائے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے شیفالی نے 71 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہندوستان، جس نے سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے، جمعرات کو تیسرا میچ کلین سویپ کرنے کے ارادے کے ساتھ کھیلے گا۔