ڈومنیکا// روومین پاول (28 گیندوں پر 61) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیزنے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 35 رنوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے سامنے 194 رنز کا ہدف رکھاتھا جس کے جواب میں بنگلہ دیش چھ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیریبین ٹیم کی جانب سے اوپنر برینڈن کنگ (57) نے نصف سنچری اسکور کی۔ برینڈن نے 43 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان نکولس پورن نے 30 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 34 رن بنائے۔
13ویں اوور میں بیٹنگ کے لیے آنے والے پاول نے دھماکہ خیز شکل اختیار کی اور اننگ کوانجام تک پہنچایا۔ پاول نے 28 گیندوں میں دو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 61 رنوں کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 193 رن بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام نے دو جبکہ مہدی حسن، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے ایک ایک وکٹ لیا۔
194 رنوں کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم کبھی بھی لے میں نظرنہیں آئی۔ اوبید میک کوئے آٹھ رنز کے اندرہی دونوں سلامی بلے بازوں کو چلتاکیا۔ کچھ دیربعد ہی اوڈین اسمتھ نے کپتان محمود اللہ کو 11 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
بنگلہ دیش 23 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں دکھائی دے رہا تھا لیکن شکیب نے اننگ کوسنبھالا۔ انہوں نے 52 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 68 رن بنائے لیکن ان کی سست اننگ 194 رن کے بڑے ہدف کو حاصل کرنے میں کام نہ آسکی۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے لئے عفیف حسین نے 34 (27) اور مصدق نے 15 (11) رنز بنائے۔
ونڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ اور اوبیڈ میک کوئے نے دو دو وکٹ لئے جبکہ عقیل حسین اور اوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کیا۔ پاول کو ان کی شاندار اننگ کے لئے مین آف دی میچ قراردیاگیا۔
پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے دوسرا میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔