جموں/۴جولائی
بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان ‘ابھیناؤ شرما کا کہنا ہے کہ ریاسی میں گرفتار لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو طالب حسین کا ان کی پارٹی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔
شرما نے کہا کہ بی جے پی کے آفیشل ریکارڈ میں وہ پارٹی کا کوئی رکن ہی نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ طالب حسین کی ایک صحافی کی حیثیت سے پارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ سے ملاقات ہوئی تھی اور اس کو پارٹی میں لیڈروں کی نقل و حمل پر نظر رکھنے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
ترجمان نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
شرما نے کہا’’کچھ وقت سے سوشل، الیکٹرانک، پرنٹ یہاں تک کہ قومی میڈیا پر بھی خبریں آرہی ہیں کہ طالب حسین نامی لشکر طیبہ کا جنگجو جس کو ریاسی کے لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، بی جے پی کی آئی ٹی سل کا انچارج تھا‘‘۔
بی جے پی ترجمان کا کہنا تھا’’میں یہ صاف کرنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی کے ریکارڈ میں وہ بنیادی رکن بھی نہیں ہے ہاں ایسا ہوا ہے کہ وہ ایک صحافی کی حیثیت سے بی جے پی جموں و کشمیر کے یونٹ کے صدر رویندر رینہ سے انٹریو لینے کیلئے ایک دو بار ملا ہے جس سے اس کا پارٹی میں آنا جانا بڑھ گیا‘‘۔
شرما نے کہا کہ طالب حسین کا مقصد پارٹی میں لیڈروں کی نقل وحمل پر نظر گذر رکھنا تھا۔انہوں نے کہا’’اس کو ایک سازش کے تحت پارٹی میں لیڈروں کی نقل و حمل پر نظر رکھنے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا تاکہ وہ جنگجوؤں یہاں تک کہ پاکستان کو اس کے متعلق جانکاری فراہم کرسکے ‘‘۔
ترجمان کا کہنا تھا’’رویندر رینہ جی ہمیشہ پاکستان اور ملی ٹنٹوں کے خلاف بولتے ہیں ان کو اس ضمن میں کئی بار سوشل میڈیا وغیرہ کے ذریعے دھمکیاں بھی ملیں‘‘۔انہوںنے کہا کہ وہ بی جے پی کے دفتر میں گھس کر لیڈروں پر نظر رکھنے کے لئے استعمال ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ کسی نے ان کو آئی ٹی سیل کا انچارج نہیں بنایا تھا۔
شرما کا کہنا تھا’’کچھ فوٹو گرافس میں وہ ہمارے کچھ لیڈروں کے ساتھ نظر آرہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ پارٹی کے ساتھ وابستہ تھا‘‘۔
بی جے پی ترجمان نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے رویندر رینہ اور دیگر پارٹی لیڈروں کی سیکورٹی بڑھانے کی اپیل کی۔