سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز کہا کہ جن لوگوں نے ملک ، جموں وکشمیر کی سالمیت اور امن کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اُن کے نام پر سکولوں، کالجوں ، ہسپتالوں ، پلوں اور دیگر عمارتوں کو اُن عظیم ہیروز کے نام منسوب کیا جائے گا۔
سنہا نے بتایا کہ ہم ان بہادروں کی شہادت کو کھبی بھی فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے ملک کی سالمیت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
ان باتوں کا اظہار سنہا نے گاندربل میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ گاندربل ضلع میں اہم عمارتوں کو شیخ عبدالجبار کے نام سے منسوب کیا جائے گا جنہیں ۳۲سال قبل ملک کی خود مختیاری اور امن کے تئیں اپنی وابستگی کی وجہ سے ملی ٹینٹوں نے شہید کیا۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبدالجبار ملک کے عظیم سپوت تھے ۔
ایل جی نے مزید بتایا کہ اشفاق جبار اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور جموں کشمیر میں ملک کی خودمختاری، امن اور خوشحالی کیلئے اپنی وابستگی کی وراثت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
رشوت ستانی کے بارے میں ایل جی نے کہاکہ بد عنوانی کو ختم کرنے کیلئے موجودہ انتظامیہ نے زمینی سطح پر کام کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ بد عنوانی کو ختم کرنے کی خاطر سب کچھ آن لائن کیا جارہا ہے اور اسی کے ذریعے ہم رشوت ستانی او ربد عنوانی کو ختم کر سکتے ہیں۔
موجودہ سرکار کی جانب سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے بارے میں ایل جی نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت ہائی وے اور ٹنل منصوبوں پر کام چل رہا ہے اور اس پر ایک لاکھ کروڑ روپیہ مختص رکھے گئے ہیں۔
سرمایہ کاری کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں ۵۲ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری موصول ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری سے جموں وکشمیر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ سیکٹر کی طرف راغب کرانے کی خاطر بھی موجودہ انتظامیہ نے کام کیا ہے ۔