سرینگر//
سرینگر کے ہسپتال برائے امراض سینہ کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں کووڈ کے یومیہ معاملات میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر ہے ۔
ڈاکٹرشاہ نے کہاکہ اگر چہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں تاہم وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کورونا رہنما اصولوں پر من وعن عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے ہفتے کے روز بتایا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے کورونا کے یومیہ معاملات میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے ۔
نامہ نگار نے کہاکہ جتنے بھی نئے کیسز سامنے آر ہے ہیں اُن میں زیادہ تر مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں ہی رکھا گیا ہے ۔اُن کے مطابق اگر چہ گھبرانے کوئی ضرورت نہیں تاہم کووڈ کا کوئی بھروسہ نہیں لہذا سبھی لوگوں سے تاکید ہے کہ وہ ماسک کے ساتھ ساتھ دوسرے احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کریں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔
ڈاکٹر نوید شاہ نے کہاکہ جتنے بھی نئے معاملات رپورٹ ہو رہے ہیں اُن میں زیادہ تر ایسے مریض ہیں جنہیں بخار ، گلے کی سوجن وغیرہ علامات پائی گئیں اور ایسے مریضوں کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ کئی روز سے کورونا کے یومیہ معاملات میں اضافہ درج ہو رہا ہے ۔ماہرین کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ چوتھی لہر کی نوید ہوسکتی ہے ۔