برمنگھم// ہندوستان کے نئے ٹیسٹ کپتان جسپریت بمراہ کافی پرجوش نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ‘یہ میرے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، بہت بڑا اعزاز ہے۔ ٹیسٹ میچ کھیلنا میرے لیے ایک خواب تھا اور ایسا موقع ملنا شاید میرے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے، میں بہت خوش ہوں کہ مجھے یہ موقع دیا گیا ہے۔”
جمعرات کی صبح ہی ہیڈ کوچ راہل ڈراوڈ نے روہت شرما کے مثبت پائے جانے کے بعد بمراہ کی بطور کپتان تقرری کی اطلاع دی۔ بمراہ نے کہاکہ "ہم روہت کے رپورٹ کا انتظار کر رہے تھے۔ آج (جمعرات) کی صبح بھی ہم نے ایک ٹیسٹ کیا اور وہ مثبت پائے گئے۔ پھر میں نے کوچ سے بات کی جس کے بعد انہوں نے کپتانی کا اعلان کیا۔”
آئی سی سی کی ٹیسٹ گیند بازوں کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود بمراہ نے سب سے پہلے یہ خبر اپنے گھر والوں کو بتائی۔ "جب مجھے اس کامیابی کے بارے میں معلوم ہوا تو میں نے اپنے گھر والوں کو بتایا۔ میں خوش ہوں اور انہیں مجھ پر فخر ہے۔ مجھے اپنے آپ پر فخر ہے۔”
بمراہ دسمبر 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد سے ہندوستانی ٹیم کا ایک اہم حصہ بن گئے ہیں۔ وہ پٹودی ٹرافی کے پہلے چار میچوں میں 20.83 کی اوسط سے 18 وکٹیں لینے والے ہندوستان کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر تھے۔ وہ سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی آخری ٹیسٹ سیریز میں نائب کپتان بھی تھے۔ اس وقت بمراہ نے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کی قیادت کی ذمہ داری لینے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
اب وہ کپتان منتخب ہونے کے بعد اضافی ذمہ داری سے آگاہ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ "میرے لیے کچھ نہیں بدلے گا، مجھے ابھی بھی اپنا کام کرنا ہے، آپ اپنا کام صحیح طریقے سے کر کے ٹیم کو ساتھ رکھ سکتے ہیں، میں یہی کرنا چاہتا ہوں، ہمارے پاس ایک اچھی اور تجربہ کار ٹیم ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے لوگ بھی ہیں۔ میں ٹیم کے لیے اپنا بہترین حصہ ڈالنا چاہتا ہوں۔”