ہم جانتے تھے اور پہلے دن سے جانتے تھے کہ ہندوستان اور پاکستان میں کرکٹ کا میچ یا کوئی اور کھیل ‘کھیل نہیں ہو تاہے… یہ سب کچھ ہو تا ہے ‘ لیکن کھیل نہیں ہو تا ہے… او ر اللہ میاں کی قسم اب یہ ثابت بھی ہوا … ایشیا کپ نے ثابت کردیا کہ دونوں ممالک میں کھیلے جانے والا کرکٹ کا کھیل یقینا کھیل نہیں ہو تا ہے… اور اس لئے نہیں ہو تا ہے کہ کھیل تو برابر کی ٹیموں میں ہوتا ہے… جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا… لیکن صاحب اب نہیں … بالکل بھی نہیں …پہلے دونوں ممالک میں مقابلے دیکھنے کیلئے لوگ ٹکٹ … ایک عدد ٹکٹ ملنے کیلئے ہزاروں کیا لاکھوں روپے دینے کو تیار ہوتے تھے… لیکن پھر بھی انہیں ٹکٹ نہیں ملتی تھی…لیکن صاحب آج ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں میں تین بار آمنا سامنا ہوا… تین بار اور… اور اللہ میاں کی قسم تینوں بار اسٹیڈئم خالی تو نہیں تھا… بالکل بھی نہیں تھا… لیکن بھرا ہوا بھی نہیں تھا… اور… اور اس لئے نہیں تھا کہ پہلے پاکستان حریف… ایک مضبوط حریف ہوا کرتا تھا… بھارت کا مضبوط حریف… جسے شکست دینا مشکل ہوتا تھا… اس بات کی چغلی دونوں ممالک کے درمیاں مقابلوں کا ریکارڈ بھی کھاتا ہے… لیکن اب نہیں… اب یہ یکطرفہ میچ ہو تے ہیں… یکطرفہ … اور لوگ پہلے سے جانتے ہیں کہ کون جیتے گا اور… اور ہار کس کے گلے کا ہار بن جائیگی… ایک نہیں ‘ دو نہیں بلکہ لگاتار تین میچ ہارنا سچ میں ایک سانحہ… یا کسی سانحہ سے کم نہیں ہے… لیکن پاکستان کی ٹیم جس طرح سے کھیلتی ہے… نتائج کچھ اور نہیں ہو سکتے ہیں… نتیجہ صرف ہار ہی ہو سکتا ہے… اور ہار ہی ہو تا ہے… بار بار ہو تا ہے… بھار ت کیخلاف ہی نہیں بلکہ دوسری ٹیموں کیخلاف بھی… کہ آئی سی سی ریکنگ میں یہ ملک پہلے پانچ بہترین ٹیموں میں بھی شمار نہیں ہو تی ہے… اور اللہ میاں کی قسم جس انداز سے یہ کھیل رہی ہے… کوئی بڑی بات نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ یہ آنے والے وقت میں اتنی لڑ ھک جائیگی … اتنی گر جائیگی کہ… کہ اس کا اٹھنا بھی محال ہو جائیگا… اسی طرح جس طرح اس کی ہاکی ٹیم گر نے کے بعد اٹھ نہیں پا رہی ہے… بالکل بھی نہیں اٹھ پا رہی ہے ۔ہے نا؟



