سرینگر//
سالانہ شری امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد جمعرات کی صبح پہلگام میں واقع ننون بیس کیمپ سے قریب پونے تین ہزار یاتریوں کے پوتر گھپا کی طرف روانہ ہونے کے ساتھ شروع ہوگئی۔
ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ پیوش سنگلا نے ۲ہزار۷سو۵۰یاتریوں پر مشتمل پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ۴۳دنوں پر محیط اس یاترا کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یاتری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کر سکیں اور وہ اچھے طریقے سے پوتر گھپا کا درشن کر سکیں۔
یاتریوں میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور وہ ‘ہر ہر مہا دیو’ کے نعروں کی گونج میں اپنے منزل کی طرف روانہ ہوئے ۔
ایک خاتون یاتری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ دو برس بعد اس سال یاترا کا موقع نصیب ہوا جس کے لئے میں بہت خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یاتریوں کی سولیات کیلئے بہترین انتطامات کئے ہیں۔
۴۳دنوں پر محیط یہ یاترا؍۱۱؍اگست کو رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ نے جہاں یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے وہیں امسال یاترا کے لئے سیکورٹی کے فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران ۳۵۰پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گے ۔