سرینگر//
جنوبی ضلع کولگام کے ناو پورہ میر بازار علاقے میں بدھ کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین گولیوں کے تبادلے میں لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے ناو پورہ میر بازار علاقے میں جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پاکر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم سیکورٹی فورسز کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین میں جھڑپ شروع ہوئی، اور کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو مارے گئے جن کی بعد میں شناخت یاسر وانی ساکن وانگنڈ کولگام اور رائیس منظور ساکن چھوٹی پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جاںبحق جنگجوؤں کے قبضے سے ایک اے کے رائفل، ایک پستول اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جاں بحق ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے جبکہ اُن کے خلاف کئی مقدمات بھی درج ہیں۔
دریں اثناآئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کولگام کے میر بازار علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو مقامی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ میر بازار کولگام کا علاقہ یاترا روٹ میں آتا ہے لہذا یہاں پر دو جنگجووں کی ہلاکت سیکورٹی کے نظریہ سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرگرم جنگجووں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن جاری رہیں گے۔