سرینگر//
سرینگر کے مضافاتی علاقہ ایچ ایم ٹی سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان اور ان کے دیگر احباب و اقارب نے بدھ کے روز یہاں پریس کالونی جمع ہو کر احتجاج درج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تین روز قبل فوت ہونے والی ان کی بیٹی کا بمنہ میں واقع سسرال میں قتل ہوا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ کے جسم پر لگے نشانوں سے لگتا ہے کہ یہ قدرتی موت نہیں بلکہ قتل ہے لہذا اس کی تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ حقیقت سامنے آسکے ۔
احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور وہ ’قاتلوں کو پیش کرو‘، ’قاتلوں کو سزا دو‘جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔
اس موقعے پر متوفی کی بہن نے کہا کہ مجھے اپنے ایک کیزن بھائی نے کہا کہ تسلیمہ دیدی مر گئی ہے ۔انہوں نے کہا’’میں ہسپتال پہنچی وہاں میں نے دیکھا کہ اس کے ہونٹ اور کان نیلے تھے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’جب اس کے ٹیسٹ کرائے گئے ان سے معلوم ہوا کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہائی بلڈ پریشر ہونے سے واقع نہیں ہوئی ہے ‘‘۔موصوفہ نے کہا کہ ہماری حکام سے اپیل ہے کہ اس میں مداخلت کرکے ہمیں انصاف دیں۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہا’’اس کی شادی کو نو برس ہوئے تھے لیکن وہ اپنے سسرال میں خوش نہیں تھی اور اس کی کوئی اولاد بھی نہیں تھی‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’اس دن مرحومہ نے میرے ساتھ بھی فون پر بات کی میں اس وقت کپڑے دھوتی تھی‘‘۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہمار مطالبہ ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے سے پہلے ہی اس سلسلے میں تحقیقات کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا’’ہم شک کر رہے ہیں اس کا قتل ہوا ہے لہذا تحقیقات کی جانی چاہئے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے ‘‘۔