نئی دہلی// سپریم کورٹ نے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے چیئرمین مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی سیکورٹی سے متعلق تفصیلات طلب کرنے کے معاملے میں تریپورہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر اگلے حکم تک روک لگا دی ہے۔
جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جے۔ بی۔ پاردی والا کی تعطیلاتی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد روک سے متعلق حکم جاری کیا۔بنچ نے پیر کو سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے ‘خصوصی تذکرہ’ پر ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی مرکز کی عرضی پر جلد سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی۔ مسٹر امبانی کی سیکورٹی پر سوال اٹھانے والی مفاد عامہ کی عرضی پر تریپورہ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ حکم کی جلد سماعت کے لیے عرضی کو قبول کیا تھا۔
مرکز نے تریپورہ ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف عدالت عظمیٰ کا رخ کیا ہے جس میں انہیں (امبانی اور ان کے خاندان) کو درپیش خطرے کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہے جس میں ایک مفاد عامہ کی عرضی میں مسٹر امبانی اور ان کے خاندان کو مرکز کی سفارش پر فراہم کی جانے والی سیکورٹی پر سوال کیا گیا جس پر حکومت نے عدالت کا رخ کیا تھا۔
سالیسٹر جنرل نے پیر کو خصوصی تذکرے کے دوران جلد سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر امبانی کو فراہم کی گئی سیکورٹی کا تریپورہ حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ لہٰذا، پی آئی ایل پر غور کرنا ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔
مسٹر مہتا نے ہائی کورٹ کے اس حکم کی صداقت پر بھی سوال اٹھایا جس میں مرکزی وزارت داخلہ کے افسران کو خطرے کے اندیشے سے متعلق دستاویزات کے ساتھ 28 جون کو حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔
سالیسٹر جنرل نے سپریم کورٹ کے سامنے یہ بھی عرض کیا تھا کہ مرکز نے تریپورہ ہائی کورٹ کو بھی بتایا تھا کہ بمبئی ہائی کورٹ نے مسٹر امبانی کو سیکورٹی فراہم کرنے سے متعلق اسی طرح کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔