ڈبلن// ٹاپ آرڈر بلے باز دیپک ہڈا (104) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں منگل کو آخری گیند تک کھیلے گئے دلچسپ میچ میں چار رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریزدو۔صفر سے جیت لی۔
ہندوستان نے 20 اوورز میں سات وکٹ پر 225 رنز کا بڑا اسکوربنایا اور آئرلینڈ کے سخت چیلنج کو پانچ وکٹ پر 221 تک محدود کردیا۔ دیپک ہڈا کو ان کی پہلی سنچری اننگز کے لئے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کے بلے بازوں نے اپنی جاندار کارکردگی سے ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا کو زبردست دباؤ میں ڈالا ۔ آخری گیند پر ایک رن بنانے کے ساتھ ہی ہاردک اور دیگر ہندوستانی کھلاڑی نے راحت کی سانس لی۔آئرلینڈ نے ہندوستان کے ہاتھوں سے جیت تقریباً چھین لی تھی۔
اوپنر پال اسٹرلنگ نے 18 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ کپتان اینڈی بالبرنی نے 37 گیندوں پر تین چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ ہیری ٹییکٹر نے 28 گیندوں پر 39، جارج ڈوکریل نے 16 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 34 اور مارک ایڈر نے 12 گیندوں پر ناٹ آوٹ 23 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن عمران ملک نے دوسری اور تیسری گیند پر چوکے لگانے کے باوجود اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور جیت ہندوستان کی گود میں ڈال دی۔