سرینگر/۱۲ ستمبر
ڈوڈہ ضلع میں جمعہ کے روز سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، حالانکہ حکام کی جانب سے مسلسل چوتھے دن عائد پابندیوں کے بعد پہاڑی خطے پر ایک بے چینی بھرا سکون چھایا رہا۔
اس ہفتے کے اوائل میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے معراج ملک کو سخت پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد ڈوڈہ میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈوڈہ کے ایم ایل اے کو عوامی نظم و ضبط خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں کٹھوعہ جیل بھیج دیا گیا۔
بدھ کی شام، پولیس نے امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شری دھر پاٹل نے کی تاکہ خطے میں امن اور معمولات زندگی کو جلد بحال کیا جا سکے۔
ڈوڈہ اور بھلیسہ قصبوں میں پابندی کے احکامات بدستور نافذ رہے، جہاں موبائل انٹرنیٹ اور وائی فائی سروسز احتیاطی تدابیر کے طور پر معطل رہیں۔
ایک افسر نے کہا ’’صورتحال رات بھر پْرامن رہی اور کوئی نیا احتجاج سامنے نہیں آیا۔ تاہم حساس علاقوں میں سخت سیکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں‘‘۔
افسر نے بتایا کہ جمعہ کی نماز کے پیش نظر ڈوڈہ قصبے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی اور گشت میں اضافہ کیا گیا۔ ڈوڈہ، بھدرواہ، گندوہ اور ٹھاٹری میں تعیناتی کو مضبوط کیا گیا جہاں مبینہ انتظامی زیادتیوں پر شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ سرکاری دفاتر کے قریب خاردار تاریں نصب کی گئیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
پولیس گاڑیاں علاقے میں گشت کرتے ہوئے اعلانات کرتی رہیں کہ رہائشی اپنے گھروں میں رہیں۔تاہم بھدرواہ قصبے میں کسی حد تک معمولات زندگی بحال رہے اور دکانیں و کاروباری ادارے جمعہ کو کھلے رہے۔
ڈی آئی جی شری دھر پاٹل نے لوگوں کو یقین دلایا کہ صورتحال تقریباً قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم چناب ویلی کے عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ صورتحال بڑی حد تک قابو میں ہے۔ مکمل طور پر معمولات بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ہم اس سمت بڑھ رہے ہیں‘‘۔انہوں نے بتایا کہ ڈوڈہ شہر اور اطراف سے تقریباً ۴۰ شہری اجلاس میں شامل ہوئے جہاں انہوں نے قیمتی تجاویز پیش کیں۔
پاٹل نے کہا ’’میں ڈوڈہ کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے امن قائم رکھنے میں تعاون کیا۔ ہم نے واقعے کے دوران ۶۰تا۷۰؍ افراد کو حراست میں لیا؛ ان میں سے کئی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘‘
ضلع نے پیر اور بدھ کو احتجاج اور پرتشدد جھڑپیں دیکھیں جب مظاہرین نے پابندیوں کو توڑنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کو کئی جگہ لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ متعدد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے کچھ کو بعد میں رہا کر دیا گیا۔
جھڑپوں کے دوران ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر سمیت آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
چیف ایجوکیشن آفیسر نے حکم دیا ہے کہ ضلع کے تمام اسکول اتوار تک بند رہیں گے۔ کاروباری ادارے بھی بند رہیں گے۔ضلع انتظامیہ نے ملک کو حکومت کا ناقد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری ’’اشتعال انگیز تقاریر اور سوشل میڈیا پر استعمال کی گئی نازیبا زبان‘‘ کی بنیاد پر ہوئی، جو مبینہ طور پر امن خراب کرنے کے مقصد سے کی گئی تھی۔
اسی دوران، ملک کے والد شمس الدین ملک نے اپنے بیٹے کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید عدالتوں میں اس معاملے کو نہیں لے جانا چاہتے۔ انہوں نے کہا ’’میں اپنے بیٹے کو واپس چاہتا ہوں۔ میری ملاقات وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ہوئی جنہوں نے کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ کیا کیا جا سکتا ہے۔‘‘
شمس الدین، جو اپنے بیٹے کی حراست کے بعد کمزوری اور دباؤ کے باعث عارضی طور پر اسپتال میں داخل ہوئے تھے، نے اپنے بیٹے کی جانب سے استعمال کی گئی زبان پر معذرت کی اور وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس کی رہائی کی اپیل کی۔










