سرینگر/۲۹جون
جنوبی ضلع کولگام کے ناو پورہ میر بازار علاقے میں بدھ کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے ناو پورہ میر بازار علاقے میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پاکر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم سیکورٹی فورسز کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔