’
ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور بھارت کی بے مثال عسکری صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے یہ ثابت کر دیا کہ بھارتی مسلح افواج دشمن پر تیز، درست اور فیصلہ کن وار کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی چنئی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے تینوں افواج کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی، اشتراکِ عمل اور دیگر اداروں کے ساتھ انضمام کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
تقریب میں ۱۳۰ مرد آفیسر کیڈٹس اور۲۵ خواتین کیڈٹس کو بھارتی فوج کی مختلف یونٹس میں کمیشن دیا گیا، جبکہ ۹دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے ۱۲ غیر ملکی خواتین و مرد کیڈٹس نے بھی اپنی تربیت مکمل کی، جو سرحدوں کے پار دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔
ایئر چیف نے کہا’’جب ہم مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں تو دو باتیں بالکل واضح ہیں…جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے اور فوجی طاقت کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آپریشن سندور ہماری بے مثال صلاحیت کا ثبوت ہے۔ بھارتی افواج نے یہ دکھا دیا کہ وہ دشمن پر تیز، درست اور فیصلہ کن وار کر سکتی ہیں۔ آپ، جو مستقبل میں ان افواج کا حصہ ہیں، سمجھ لیں کہ دفاعی افواج ہمیشہ سے پہلی صف کی محافظ رہی ہیں اور رہیں گی‘‘۔
سنگھ نے نوجوان آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی مستقبل میں اکیڈمی کے اعلیٰ معیار اور انسٹرکٹرز کی بہترین تربیت کا عکس ہوگی۔
فضائیہ کے سربراہ نے زور دیا’’یاد رکھیں کہ ہماری طاقت صرف انفرادی صلاحیتوں سے نہیں بلکہ پوری ٹیم کی یکجہتی سے آتی ہے۔ کوئی سروس اکیلی کام نہیں کرتی، چاہے وہ فضا ہو، زمین یا سمندر۔ آپ کو اپنی سروس میں بڑھتے ہوئے ہمیشہ مشترکہ جذبے کو آگے بڑھانا ہوگا‘‘۔
ایئر چیف نے کہا کہ ہر آفیسر کیڈٹ کا ایک اہم کردار ہے اور انہیں اپنی ذمہ داری کے ساتھ دوسروں کے کردار کو بھی سمجھنا چاہیے تاکہ ملک کا نام روشن ہو۔
پریڈ میں کیڈٹس نے عسکری مہارت اور ہم آہنگ ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے ایئر چیف نے ’اکیڈمی کے اعلیٰ معیار‘کا عملی ثبوت قرار دیا۔
آخر میں انہوں نے سوورڈ آف آنر اور سلور میڈل راج بسواس کو، گولڈ میڈل پرول دھادوال کو اور برانز میڈل پرنجَل دکشت کو پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔









