سرینگر//
ضلع گرودوارہ پربندھک کمیٹیوں (ڈی جی پی سی)۲۰۲۲ کے انتخابات آج کشمیر ڈویڑن کے سرینگر، بارہمولہ اور پلوامہ اضلاع کے۱۶ حلقوں میں کافی سیکورٹی کے درمیان کامیابی کے ساتھ اور پرامن طریقے سے منعقد ہوئے جس کیلئے ۳۴ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔
انتخابی میدان میں۴۰؍امیدواروں میں سے۱۲؍ امیدوار ضلع سرینگر کے چھ حلقوں کیلئے ۲۳؍ امیدوار ضلع بارہمولہ کے آٹھ حلقوں کیلئے اور۵؍ امیدوار ضلع پلوامہ کے دو حلقوں کیلئے انتخاب لڑ رہے تھے۔
ان۳؍ اضلاع کے۳۴پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح۷ بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ ان سولہ حلقوں کیلئے رجسٹرڈ اہل ووٹرز کی کل تعداد۱۲۷۰۱ تھی۔ مقررہ وقت کے دوران پول ہونے والے ووٹوں کی کل تعداد۵۸ء۴۹ فیصد کے ساتھ۶۲۷۹ تھی۔
ووٹوں کی گنتی دوپہر ۲ بجے سے شروع ہوئی اور گنتی ختم ہونے کے فوراً بعد ۱۶؍امیدواروں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر ڈویڑن میں ضلع سری نگر، بڈگام، بارہمولہ، کپواڑہ‘اسلام آباد‘کولگام اور پلوامہ کیلئے ۱۱ حلقوں میں سے ہر ایک میں۸۰ ڈی جی پی سی حلقے ہیں اور ضلع شوپیاں کیلئے۲ حلقے ہیں۔
ان۸۰ ڈی جی پی سی حلقوں میں سے۶۳ حلقوں کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے جن میں ضلع بڈگام، کپواڑہ‘اسلام آباد، کولگام کے ہر ۱۱؍ اور ضلع شوپیاں کے۲؍امیدوار، سری نگر کے۵؍امیدوار، بارہمولہ کے ۳؍ امیدوار اور ضلع پلوامہ کے۹ امیدوار شامل ہیں۔
مزید برآں بانڈی پورہ میں ضلع کے ایک حلقے کے لیے کوئی کاغذات نامزدگی موصول نہیں ہوا ہے اور ضلع گاندربل میں کوئی ڈی جی پی سی حلقہ نہیں ہے اس لیے ان دو اضلاع میں انتخابات نہیں ہوئے۔
ڈویڑنل کمشنر، کشمیر جو نوڈل آفیسر ہیں اور جن کی نگرانی میں یہ انتخابات منعقد ہوئے، نے انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ، پرامن، شفاف اور ہموار انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے والے امیدوار اگلے پانچ سالوں تک متعلقہ ووٹرز کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔
ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں، ضلعی انتخابی حکام، سیکورٹی ایجنسیوں اور ان انتخابات کے پرامن انعقاد میں شامل تمام عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔