جنوبی ضلع اننت ناگ میں منشیات فروشوں کے خلاف ایک اہم کارروائی کے دوران سری گفوارہ پولیس نے بھاری مقدار میں نشہ آور مواد برآمد کرکے ایک شخص کو حراست میں لیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سری گفوارہ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے اعجاز احمد بٹ، ولد غلام محی الدین بٹ، ساکن نوشہرہ سری گفوارہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران، پولیس ٹیم نے۹۸کلو ممنوعہ نشیلی اشیائ اور دو مکسر گرائنڈر بھی ضبط کیے جو ممکنہ طور پر منشیات کی تیاری کے لیے استعمال ہو رہے تھے ۔ ملزم اجاز احمد بٹ کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر۲۰۲۵/۵۴درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔
اس دوران کپوارہ ضلع میں۴منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کپواڑہ پولیس نے مسجد مرشیدین کے نزدیک قائم ایک چیک پوائنٹ پر دو مشتبہ افراد کو روکا، جو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دونوں کو دھر دبوچا اور جامہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ہیروئن جیسی نشیلی اشیائ برآمد ہوئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت عمیر ابن فیاض ولد فیاض احمد میر ساکن ریگی پورہ اور کاشف الاسلام ولد محمد سلطان بٹ ساکن بٹیرگام کے طور پر ہوئی ہے ۔
اسی طرح دوسری کارروائی میں پولیس تھانہ لالپورہ کی ایک ٹیم نے رنگورڈ میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو مزید مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ ان کی تلاشی کے دوران چرس نما مادہ برآمد ہوا۔ گرفتار شدگان کی شناخت منظور احمد بھٹ ولد عبد الرحمن بٹ ساکن کروسن اور عابد شفیع میر ولد محمد شفیع ساکن دھرمواری کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ چاروں ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں ان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں










