جموں//
جموں کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے پرانے راستے پر تیز بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے نتیجے میں ایک یاتری کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ۶دیگر زخمی ہوگئے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح بن گنگا کے نزدیک ایک لنگر کے پاس پیش آیا جب ایک بھاری بھرکم مٹی کا تودا نیچے گر آیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کم از کم ۷یاتری زخمی ہوگئے جن میں سے ۳کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ واقعہ پیش آتے ہی بچائو آپریشن شروع کر دیا گیا اور زخمیوں کو علاج و معاجے کے لئے فوری طور نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے شدید زخمی یاتریوں کو نارائن ہسپتال کٹرہ ریفر کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک یاتری زخموں کی تاب نہ لا کر دم تور گئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بچائو آپریشن جاری ہے اور حکام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس، شرائن بورڈ عملہ اور مقامی رضا کار روڈ صاف کرنے میں ہمہ تن مصروف عمل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں روزانہ۱۸سے۲۰ہزار یاتری حاضری دیتے ہیں۔
دریں اثنا جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے پرانے راستے پر لینڈ سلائڈنگ سے ایک یاتری کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے شرائن بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ زخمی یاتریوں کی بہترین طبی دیکھ بھال اور فوری امداد کو یقینی بنائے ۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے پرانے راستے پر تیز بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے نتیجے میں ایک یاتری کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ۶دیگر زخمی ہوگئے ۔
سنہا نے اس واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ کے المناک واقعہ سے بہت افسردہ ہوں جس میں ایک یاتری بدقسمتی سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا‘‘۔
ایل جی نے کہا’’شرائن بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ زخمی یاتریوں کو بہترین طبی دیکھ بھال اور مدد فراہم کرے ‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’میں مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں۔‘‘
دریں اثنا جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے بینچھ علاقے میں پیر کی صبح ایک گورنمنٹ اسکول عمارت ایک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آنے سے ایک طالب علم کی موت واقع ہوئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بینچھ علاقے میں پیر کی صبح بارشوں کے نتیجے میں گورنمنٹ پرائمری سکول کلسین بینچھ کی عمارت ایک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آگئی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کئی طالب علم زخمی ہوگئے جن میں سے ایک طالب علم کی موت واقع ہوئی۔متوفی طالب علم کی شناخت ۶سالہ احسان علی ولد محمد رزاق ساکن کلسین بینچھ کے طور پر ہوئی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ زخمی طالب علموں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس، ضلع انتظامیہ اور مقامی رضاکار جائے موقع پر پہنچے اور بچائو آپریشن شروع کر دیا۔










