آئندہ دو دنوں تک گرمی کی شدید لہر جاری رہ سکتی ہے /تعلیمی اداروں میں یکم جولائی سے ہفتہ بھر کی گرمائی تعطیلات کا امکان
سرینگر//
وادی کشمیر میں جاری گرمی کی شدید لہر نے جمعرات کو کئی مقامات پر درجہ حرارت کے پرانے ریکارڈ توڑ دیے ، جس کے ساتھ ہی سرینگر میں بھی رواں سیزن کا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا‘جو کہ معمول سے۸ء۶ڈگری زیادہ تھا۔
ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ علاقے میں جمعرات کو۷ء۳۴ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو جون میں۱۹۸۸کے بعد سب سے زیادہ ہے ۔ اس سے قبل، قاضی گنڈ میں۲۷جون ۱۹۸۸کو۳ء۳۵ڈگری اور۲۶جون۱۹۸۸کو۷ء۳۵ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا تھا ‘ جو اب تک کے جون کے سب سے زیادہ درجہ حرارت شمار ہوتے ہیں۔ یوں جمعرات کو ریکارڈ شدہ درجہ حرارت قاضی گنڈ کی تاریخ کا تیسرا سب سے زیادہ بن گیا ہے ۔
کوکرناگ میں بھی غیر معمولی گرمی دیکھی گئی، جہاں۸ء۳۳ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ یہ جون مہینے میں کوکرناگ میں ریکارڈ کیا گیا دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے ۔
اس سے قبل یہی درجہ حرارت۲۹جون۱۹۹۹کو بھی ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ کوکرناگ کا آل ٹائم جون ریکارڈ ۹ء۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو۲۵جون۲۰۰۵کو درج ہوا تھا۔
دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام۶ء۲۹ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۵ڈگری زیادہ تھا۔ کپواڑہ میں۱ء۳۳؍اور گلمرگ میں۹ء۲۵ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے وادی کے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ گرمی کے ان غیر معمولی دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی پئیں اور بزرگوں و بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ طبی ماہرین نے بھی گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے ۔
ادھر زرعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر گرمی کی لہر کا سلسلہ مزید جاری رہا تو اس سے فصلوں اور پھلوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر سیب، ناشپاتی اور دیگر موسمی فصلوں پر۔
گرمی کی اس شدید لہر کے باوجود، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند دنوں تک وادی میں خشک اور گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھروں میں ٹھنڈے ماحول میں رہنے کو ترجیح دیں۔
موسمی پیش گوئی کے مطابق، کشمیر اگلے دو دنوں کیلئے شدید ہیٹ ویو کا سامنا کرنے والا ہے، جس کے بعد بعض مقامات پر تیز بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنااس دوران بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان ، جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم ، سکینہ ایتو نے جمعرات کو کہا کہ کشمیر ڈویڑن کے نجی اور سرکاری اسکول یکم جولائی سے دس دن کی موسم گرما کی چھٹی منائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ہفتہ سے اسکولوں کا وقت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایتو نے کہا ’’شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ، کشمیر ڈویڑن کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے ۱۰ جولائی تک ہوں گی‘‘۔
وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ حکومت ۱۰ جولائی کے بعد موسمی حالات کا جائزہ لے گی اور اسی کے مطابق چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کرے گی۔
ایتو نے کہا کہ ۱۰ جولائی کے بعد ہم موسمی حالات کا جائزہ لیں گے اور اسی کے مطابق چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کریں گے۔
اسکول کے اوقات میں تبدیلی کے بارے میں ، وزیر نے کہا’’ہفتہ سے ، سری نگر میونسپلٹی کی حدود کے علاقوں میں اسکول کا وقت صبح ۸ بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگا اور سری نگر میونسپلٹی کی حدود سے باہر کے اسکولوں کی صورت میں ، اسکول صبح ساڈھے آٹھ بجے سے دوپہرڈیڑھ بجے تک کام کریں گے‘‘