سرینگر//
سائبر سیل سرینگر پولیس نے ایک اہم ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے عوام، صحافیوں اور ممتاز شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ادارے جعلی (اسپووفڈ) واٹس ایپ نمبرز اور کالز کے ذریعے خود کو سرکاری افسر ظاہر کر کے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق، ایسے عناصر موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں صحافیوں، شہریوں اور عوامی شخصیات سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی آپریشنز، تعیناتیوں یا دیگر حساس امور سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پولیس نے سختی سے تاکید کی ہے کہ نامعلوم یا مشتبہ نمبروں سے آنے والی کالز یا پیغامات کا کوئی جواب نہ دیا جائے اور کسی بھی قسم کی معلومات شیئر نہ کی جائے ۔
اعلان میں کہا گیا ہے’’کسی بھی غیر مجاز شخص کو حساس معلومات فراہم کرنا نہ صرف سیکورٹی رسک ہے بلکہ قانونی کارروائی کا موجب بھی بن سکتا ہے ‘‘۔
سائبر سیل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ایسی مشتبہ کال یا پیغام موصول ہو، تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا سائبر سیل کو مطلع کریں۔