سرینگر//(ویب ڈیسک)
افغان طالبان کے مطابق ملک میں منگل کی شب آنے والے زلزلے سے ایک ہزار افراد ہلاک اور ۱۵۰۰ زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
رات ڈیڑھ بجے آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر۱ء۶ تھی جبکہ اس کا مرکز خوست سے۴۴کلومیٹر کی فاصلے پر تھا۔
زلزلے سے مشرقی صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سے ملنے والی تصاویر میں تباہی کے آثار نمایاں ہیں۔ ان تصاویر میں زخمی افراد کو سٹریچرز پر دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تباہ شدہ مکانوں کا ملبہ بھی نظر آ رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور دوردراز علاقوں میں زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
طالبان رہنما ہبت اللہ اخونزادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس زلزلے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں اطلاعات کے محکمے کے سربراہ محمد امین حزیفی نے بی بی سی میں بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد ۱۰۰۰ ہے جبکہ ۱۵۰۰ سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ افغانی جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار افغانی دے گی۔
افغانستان کی حکومت کے ترجمان بلال کریمی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں تمام غیر سرکاری اداروں اور ایجنسیز سے درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
اس دوران افغانستان میں شدید زلزلے سے جان و مال کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ‘ارندم باگچی نے یہاں ٹویٹر پر کہا کہ ہندوستان افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں اور ان کے خاندانوں کے تئیں اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ہم افغانستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ضرورت کی اس گھڑی میں انہیں ہر مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں میں کل رات گئے آنے والے شدید زلزلے میں ایک ہزارسے زائد افراد ہلاک اور ۶۰۰سے زائد زخمی ہو گئے ۔ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے ۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت ۱ء۶ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی خبر رساں ایجنسی طلوع نیوز کے مطابق ملک کے وزیر مملکت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ شرف الدین مسلم نے میڈیا کو بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں۹۲۰؍افراد ہلاک اور ۶۱۰زخمی ہوئے ہیں۔