کولمبو//
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے کولمبو کے پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک دلچسپ مقابلے میں آسٹریلیا کو چار رنز سے شکست دے کر شاندار جیت حاصل کی۔
منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد داسن شاناکا کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شروع میں جلدی ہی وکٹیں گنوائیں۔ نیروشن ڈکویلا (01)، پاتھم نسانکا (13) اور کوسل مینڈس (14) کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم 34 رنز پر تین وکٹ پر سمٹ گئی۔
دھننجے ڈی سلوا نے پھر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہونے سے قبل چاریتا اسلانکا کے ساتھ 101 رنز کی شراکت داری کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ ڈی سلوا نے اپنی 61 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے لگائے لیکن وہ 27 ویں اوور میں مشل مارش کے ہاتھوں میکسویل کو کیچ دے بیٹھے ۔
ان کے ساتھی اسلانکا نے مورچہ سنبھالتے ہوئے 106 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 110 رنز کی سنچری اننگز کھیلی ۔ ان کے علاوہ دونتھ ویلاگے نے 19 اور وینندو ہسرنگا نے 21 رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا نے 49 اوورز میں 258/10 کا اسکور کیا۔ میتھیو کوہن مین، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے دو دو جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔