سرینگر/یکم مئی
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو پاکستان اور انڈیا سے رابطہ کیا ہے۔ امریکہ کی وزارت خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے 22 اپریل کو (انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں) پہلگام کے مقام پر ہونے والے حملے کی مذمت کرنے کا کہا۔
امریکہ کے مطابق ’وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ اس سفاکانہ حملے کی تحقیقات میں تعاون کریں۔‘
امریکہ کے مطابق مارکو روبیو نے پاکستان سے کہا کہ ’وہ انڈیا کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے، براہ راست رابطے بحال کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرے۔‘
امریکہ کے مطابق دونوں رہنماو¿ں نے دہشت گردوں کو ان کی گھناو¿نی تشدد کی کارروائیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف کے بعد امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے فون پر بات کی۔
امریکہ محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے انڈیا کو کشیدگی میں کمی اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا کہا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے پہلگام میں ہولناک دہشت گردانہ حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف انڈیا کے ساتھ تعاون کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔