سرینگر/۲۱جون(ویب ڈیسک)
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی قیادت میں حکمران اتحاد(این ڈی اے) اور متحدہ اپوزیشن نے اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے اپنے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔
این ڈی اے نے جھارکھنڈ کی قبائلی خاتون رہنما دروپدی مرمو جبکہ متحدہ اپوزیشن نے سابق وزیر خارجہ و خزانہ ‘یشونت سنہا کو نامزد کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بی جے پی نے جھارکھنڈ کی قبائلی خاتون رہنما دروپدی مرمو کو ملک کے۱۶ویں صدر کے انتخاب کیلئے نامزد کیا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں دیر شام یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد بی جے پی صدر نڈا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارلیمانی بورڈ کی آج کی میٹنگ میں ہم سب اس رائے پر پہنچے کہ ہمیں بی جے پی اور این ڈی اے اپنے تمام حلقوں سے بات کرنے کے بعد صدر کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کرنا چاہیے ۔
نڈا نے کہا کہ پہلی بار قبائلی خاتون امیدوار کو ترجیح دی گئی ہے ۔ دروپدی مرمو کو این ڈی اے نے صدارتی امیدوار کے طور پر اعلان کیا ہے ۔
اس سے پہلے اپوزیشن جماعتوں نے منگل کو سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔
سنہا کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے ساتھ ساتھ گوپال کرشن گاندھی کی طرف سے الیکشن نہ لڑنے کی تجویز کے بعد صدارتی امیدوار کے طور پر اعلان کیا گیا ہے ۔
سنہا بی جے پی کے سابق رہنما ہیں اور اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔
سنہا نے۲۰۱۸میں بی جے پی چھوڑ دی تھی اور ۲۰۲۱میں ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے تھے ۔
منگل کی صبح صدارتی عہدے کیلئے اپوزیشن امیدوار کے طور پر ان کے نام کے اعلان سے پہلے انہوں نے ترنمول کانگریس سے استعفیٰ دے دیا۔
ملک کے نئے صدر جمہوریہ کا انتخاب ۱۸ جولائی کو ہونا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے امیدوار بنائے گئے یشونت سنہا ۲۷ جون کی صبح ساڈھے گیارہ بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ میٹنگ سے قبل یشونت سنہا نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ترنمول کانگریس نے انھیں جو عزت اور احترام دیا ہے، اس کے لیے ممتا بنرجی کا شکرگزار ہوں۔ ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے جب ایک بڑے قومی مقصد کے لیے مجھے پارٹی سے ہٹ کر اپوزیشن اتحاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ پارٹی میرے اس قدم کو قبول کرے گی۔‘‘
دراصل یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس معاملے میں پارٹی کے اہم لیڈروں سے صلاح و مشورہ لینے کے بعد یشونت سنہا نے یہ فیصلہ کیا۔