بھونیشور// جھارسوگوڑا عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سبھاش چندر ڈھل نے کالا جادو کے شبہ میں ایک خاتون کے قتل کے معاملے میں پانچ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
مسٹر ڈھل نے سنتوشنی، سودامنی، سہدیو، نوین بھوئی اور اکشے جے پوریا کو عمر قید کی سزا سنائی اور ان پر 10،000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔
استغاثہ کے مطابق 2 مارچ 2017 کو جھارسوگوڈا ضلع کے بیجاپلی گاؤں میں یوتسا جے پوریا کو کالا جادو کرنے کے شبہ میں قتل کر دیا گیا تھا۔اسی دن ڈولا منی جے پوریا کے گھر شیو گرو پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ متاثرہ کی بہن ممتا جے پوریا نے رنگالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔
ڈولا منی کی بیٹیاں سنتوشنی اور سودامینی جے پوریانے گھر پر پوجا کا اہتمام کیا تھا۔ یوتسا اپنے والدین اور بہن ممتا کے ساتھ وہاں گئی تھی۔ پوجا کے دوران سنتوشنی اور سودامینی پر شیو گرو کی روح کے قبضے میں ہونے کا دعویٰ کیا گیا اور انہوں نے یوتسا پر کالے جادو کا الزام لگایا۔
رات آٹھ بجے یوتسا کا سر منڈوایا گیا اور تانترک کی رسم ادا کی گئی۔ سنتوشنی اور سودامینی نے اسے بے دردی سے مارا اور اس کے جسم کو اگربتیوں سے جلا دیا۔ بھوت نکالنے کے نام پر اسے برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
یوتسا کا سر بیل اور ترشول کے مجسموں سے مار کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد ممتا نے رنگالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ کیس حساس ہونے کی وجہ سے تفتیش کرائم برانچ کو سونپی گئی تاکہ مجرموں کو سخت سزا مل سکے ۔
انسپکٹر سبیتا ساہو کی قیادت میں کرائم برانچ کی طرف سے مکمل جانچ کی گئی۔ گواہوں کے بیانات اور ملزمان کے اعترافی بیانات کی بنیاد پر 28 جون 2017 کو سات ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی۔