وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ایک سخت پیغام میں کہا کہ ہندوستان پہلگام میں حملے کے ذمہ دار ہر دہشت گرد اور ان کے حامیوں کی شناخت کرے گا، ان کا سراغ لگائے گا اور انہیں ان کے تصور سے بھی بڑی سزا دے گا۔
مودی نے یہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم زمین کے آخری سرے تک ان کا تعاقب کریں گے۔
ان کاکہنا تھا”آج بہار کی سرزمین سے میں پوری دنیا سے کہتا ہوں کہ ہندوستان ہر دہشت گرد اور ان کے حامیوں کی شناخت کرے گا، ان کا سراغ لگائے گا اور انہیں ان کے تصور سے بھی بڑی سزا دے گا۔دہشت گردی سے ہندوستان کا جذبہ کبھی نہیں ٹوٹے گا“۔
وزیر اعظم نے منگل کے روز پہلگام کے بیسرن میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد اپنے پہلے عوامی خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کو سزا دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
مودی نے کہا”انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ پوری قوم اس عزم پر قائم ہے“۔
وزیر اعظم نے کہا ”ہر وہ شخص جو انسانیت پر یقین رکھتا ہے ہمارے ساتھ ہے۔ میں مختلف ممالک کے عوام اور رہنماو¿ں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس وقت ہمارے ساتھ کھڑے رہے“۔
مودی نے زور دے کر کہا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں اور اس کے منصوبہ سازوں کو’ان کے تصور سے بھی بڑی سزا دی جائے گی“۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کے ملک کے دشمنوں نے ہندوستان کی روح پر حملہ کرنے کی ہمت کی ہے۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی پنچایتی راج ڈے پروگرام کے لئے یہاں جمع ایک بڑی تعداد نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کچھ لمحوں کے لئے خاموشی اختیار کی۔
اپنی تقریر شروع کرنے سے پہلے مودی نے اجتماع سے اپیل کی کہ وہ پہلگام میں اپنی جان گنوانے والے ’ہمارے اہل خانہ‘ کے احترام میں خاموشی اختیار کریں۔
وزیر اعظم نے دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خاموش بیٹھے رہیں۔
قبل ازیں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور وزیر اعظم سے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پورا ملک متحد ہے۔
پنچایتی راج کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے کہا کہ پوری قوم کو مودی کی طاقت پر بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ مناسب وقت پر دہشت گردی کے مجرموں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ (ایجنسیاں)