سرینگر/۱۱اپریل
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ویشنو نالے سے جمعہ کے روز تیسرے لا پتہ خانہ بدوش کی لاش بر آمد کی گئی۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے کولگام میں ویشنو نالے سے جمعہ کو تیسرے لاپتہ خانہ بدوش شخص کی لاش بر آمد کی۔
انہوں نے کہا کہ متوفی جس کی شناخت مختار کے طور پر کی گئی ہے ، 13 فروری سے اپنے قریبی رشتہ داروں ریاض بجاڑ اور شوکت بجاڑ ساکنان چندھیان سمیت لاپتہ تھا۔حکام نے بتایا کہ لاش کو طبی و قانونی لوزامات کی ادائیگی کے لئے ضلع ہسپتال کولگام منتقل کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پولیس نے کولگام کے مہہ اشموجی کے ویشو نالے سے 16 مارچ کی صبح محمد شوکت بجاڑ ولد محمد صدیق بجاڑ ساکن چھٹا ڈونڈا راجوری (حال چندین پاجن قاضی گنڈ) کی لاش بر آمد کی تھی جبکہ اس سے کچھ روز قبل اس کے بھائی ریاض احمد بجاڑ کی لاش بھی اسی نالے سے بر آمد کی گئی تھی۔
یہ تینوں ماہ گنڈ گا¶ں جو ان کے آبائی گا¶ں سے 10 کلو میٹر دور ہے ، میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کےلئے گئے تھے لیکن وہ واپس نہیں لوٹے ۔
ذرائع کے مطابق تینوں کا تعلق راجوری سے تھا اور وہ قاضی گنڈ میں مزدوری کرتے تھے ۔
رشتہ داروں نے خود تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس تھانے میں ان کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ بھی درج کرائی جس کے بعد کولگام پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف نے تینوں کی وسیع پیمانے پر تلاش شروع کر دی تھی۔
دریں اثنا بی جے پی لیڈر اور سابق رکن اسمبلی چودھری ذوالفقار علی نے حکومت سے اس معاملے میں مجسٹریل تحقیقات کرانے کا مطالبہ دوہرایا ہے ۔