جونپور// سماج وادی پارٹی(ایس پی)ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ اترپردیش کے نظم ونسق پوری طرح تباہ ہوگیا ہے ۔ چاروں طرف جنگل راج قائم ہے اور لاقانونیت کا ماحول ہے ۔ افسران من مانے طریقے سے کام کررہے ہیں۔
ضلع کھٹن بلاک کے پلکچھا گاؤں میں سابق بلاک پرمکھ سرجودی کے شوہر دھرمراج یادو کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے یادو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر تباہ حال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں افسران من مانی سے کام کر تے ہوئے پیسے کے لین دین کے معاملے میں دیوانی میں داکل ہونے والے مقدمات کے بارے میں بھی مجرمانہ مقدمات درج کر کے خاطی افراد کو جیل بھیجنے کا کام کررہے ہیں۔
جب ملک کی سپریم کورٹ نے اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایسا تبصرہ کیا ہے ، تو یہاں دیکھنے میں بھی قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ جب امریکہ اپنی معیشت کو بچانے کے لیے اقتصادی پابندیاں لگا رہا ہے تو بھارت کو بھی اپنی معیشت کو بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ ملکی معیشت ٹھیک طریقے سے چلتی رہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے اور بے روزگاری میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک میں مفت سلنڈر دینے کی بات کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کرتی چلی جارہی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش میں صفر رواداری کی بات کرنے اور جرائم کو روکنے میں مکمل طور پر ناکامی ہوئی ہے ، ہر روز قتل اور عصمت دری ہو رہی ہے ۔ پوری ریاست میں بے چینی کا ماحول ہے ۔ پولیس ہی جرائم کر رہی ہے ، پولیس ہی مقدمات درج کر رہی ہے اور پولیس ہی ہے جو انکاؤنٹر کے نام پر قتل کر رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کو کچھ معلوم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت ترقی کے ہر مسئلہ پر ناکام ہوچکی ہے ۔ جرائم اور مجرموں کی بھرمار ہے ۔ صورتحال یہ ہے کہ ان کی اپنی پارٹی کے ایم ایل اے پھٹے ہوئے کُرتے پہنے شری رام کے درشن کرنے پہنچ رہے ہیں۔ آئندہ 2027 کے انتخابات میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہونا یقینی ہے ۔ پی ڈی اے بھاری اکثریت کے ساتھ ریاست میں حکومت بنائے گی۔ انتخابی نتیجہ 90/10 کے تناسب سے آئے گا۔ تمام مصائب، استحصال زدہ، غریب، لاچار پی ڈی اے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔