بارہمولہ/سرینگر//
وادی کے بالائی حصوں بشمول آفرٹ اور امر ناتھ گھپا میں برفباری ہوئی ہے جبکہ وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں رک رک کے بارشیں ہو ئیں۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کاکہنا ہے کہ آفروٹ میں ہفتہ کو کم از کم ۲؍انچ برفباری ہو ئی ‘ جس سے وہاں پر موجود دور دور سے آئے ہوئے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے اور انہوں نے تازہ برف باری کا لطف اٹھایا۔
دریں اثناشری امر ناتھ جی یاترا سے قریب دو ہفتے قبل وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع امر ناتھ گھپا پر ہفتے کی صبح برف کی مہین سی چادر بچھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی صبح پنجترنی بشمول امر ناتھ گھپا پر تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہونے کا امکان ہے ۔
بتادیں کہ۴۳دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد ماہ رواں کی تیس تاریخ سے شروع ہونے والی ہے ۔
اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے جس دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۱جون تک میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے ۔
محکمے نے باغ مالکان سے۲۲جون تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی لاحق ہیں جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو احیتاط برتنے کی ضرورت ہے ۔
ادھر وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی۔
دارلحکومت سرینگر میں دوران شب۱ء۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۱ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔