سرینگر/۲اپریل
جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں شاہراہ پر نویوگ ٹنل کے قریب گذشتہ شام پیش آنے والے سڑک حادثے میں ایک اور زخمی کی موت واقع ہونے کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد۲ ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نویوگ ٹنل حادثے میں زخمیوں میں سے ایک زخمی گورنمنٹ میڈکل کالج اننت ناگ میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت مشتاق احمد دلال ساکن شوپیاں کے طور پر کی گئی ہے ۔قاضی گنڈ میں نویوگ ٹنل کے قریب منگل کی شام قریب پونے نو بجے جموں سے سرینگر آ رہی ایک ہیکٹر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک ڈیوائڈر اور پولیس بیرئر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا گیا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی اننت ناگ میں موجود ڈاکٹروں نے ایک زخمی کو مردہ قرار دیا جس کی شناخت زبیر احمد وانی ساکن شوپیاں کے طور پر کی گئی۔
پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نویوگ ٹنل میں قریب ایک ہفتہ قبل ایس آر ٹی سی کی ایک گاڑی پلٹنے کے نتیجے میں کم سے کم 17 مسافر زخمی ہوئے تھے ۔