سرینگر/(ویب ڈیسک)
وزیر اعظم نریندر مودی۱۹؍اپریل کو کٹرا سے وادی کے لیے پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
یہ ٹرین ریاسی ضلع کے کٹرا قصبے سے روانہ ہوگی اور پیر پنجال پہاڑی سلسلے کو عبور کرکے سری نگر پہنچے گی اور پھر شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں اپنی آخری منزل ہوگی۔
وزیر اعظم مودی کٹرا سے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے جس میں وزیر ریلوے اشونی ویشنو، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلی عمر عبداللہ موجود ہوں گے۔
فی الحال یہ ٹرین سنگلدن سے بارہمولہ تک چلتی ہے۔ وزیر اعظم۱۹؍ اپریل کی صبح نئی دہلی سے اودھم پور آرمی ہوائی اڈے پر اتریں گے اور اس کے بعد ریاسی ضلع میں دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل پر پرواز کریں گے۔
وزیر اعظم مودی کو پل کی تعمیر کے بارے میں بریف کیا جائے گا ، جسے انجینئرنگ کا معجزہ سمجھا جاتا ہے۔
اس کے بعد وزیر اعظم کٹرا کے ماتا ویشنو دیوی بیس کیمپ پہنچیں گے جہاں سے وہ وادی کیلئے وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
وزیر اعظم مودی دوپہر میں دہلی لوٹنے سے پہلے کٹرا میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔
ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ جموں ریلوے اسٹیشن پر توسیعی کام کی تکمیل کے بعد ، جس میں پلیٹ فارم کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے ، وادی کیلئے ٹرین اس سال جولائی ،اگست تک جموں سے آپریشن شروع کردے گی۔
دہلی یا کسی اور حصے سے کشمیر کیلئے کوئی براہ راست ٹرین نہیں ہوگی۔ مسافروں کو کٹرا میں اترنا ہوگا اور ٹرین کو تبدیل کرنا ہوگا۔ بعد میں اسی عمل کو جموں منتقل کر دیا جائے گا۔
وندے بھارت ایکسپریس سمیت کٹرا سے بارہمولہ جانے والی ٹرین کے کئی تجربات کامیاب رہے ہیں اور سیکورٹی کے مسائل کو بھی حل کیا گیا ہے۔
اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کے کل۲۷۲ کلومیٹر میں سے ۲۰۹ کلومیٹر مرحلہ وار شروع کیے گئے تھے، جس کا پہلا مرحلہ اکتوبر ۲۰۰۹ میں۱۱۸ کلومیٹر قاضی گنڈ-بارہمولہ سیکشن، اس کے بعد جون ۲۰۱۳ میں۱۸کلومیٹر بانہال ،قاضی گنڈ لنک، جولائی ۲۰۱۴ میں اودھم پور،کٹرا حصے کا۲۵ کلومیٹر اور پچھلے سال فروری میں۱ء۴۸ کلومیٹر بانہال،سنگلدان سیکشن شروع کیا گیا تھا۔
۴۶کلومیٹر طویل سنگلدن،ریاسی سیکشن پر کام بھی پچھلے سال جون میں مکمل ہوا تھا ، جس سے ریاسی اور کٹرا کے درمیان۱۷ کلومیٹر کا حصہ باقی رہ گیا تھا ، جو تقریباً تین ماہ پہلے مکمل ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں وندے بھارت سمیت ٹرینوں کے مختلف تجربات شروع ہوئے تھے۔
اس پروجیکٹ پر ۴۱ہزار کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
۴جنوری کو کٹرا،بانہال سیکشن پر ایک الیکٹرک ٹرین کا کامیاب آزمائشی سفر کیا گیا تھا۔گزشتہ چند ماہ کے دوران ٹریک کے مختلف حصوں پر تجربات کا سلسلہ جاری ہے جس میں انجی کھڈ اور چناب پلوں کے دو اہم سنگ میل بھی شامل ہیں۔
کٹرا اور سرینگر کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو خاص طور پر اینٹی فریزنگ فیچرز کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
چنئی میں واقع انٹیگرل کوچ فیکٹری (آئی سی ایف) کے ذریعہ تیار کی گئی یہ نئی وندے بھارت ٹرین انتہائی سرد حالات میں منفی۲۰ ڈگری سیلسیس تک آسانی سے چل سکتی ہے۔ مسافروں اور ڈرائیوروں کے لئے آرام کو یقینی بنانے کے لئے، ٹرین جدید حرارتی نظام سے لیس ہے.
ٹرین کی سیفٹی فیچرز میں سی سی ٹی وی کیمرے اور ایمرجنسی ٹاک بیک یونٹس شامل ہیں۔
ٹرین میں شٹر پروف کھڑکیاں ہیں اور ڈرائیور کا ونڈ شیڈ ایک خصوصی اینٹی فرسٹ سسٹم سے لیس ہے جو بصارت کے واضح میدان کی اجازت دیتا ہے۔
کشمیر جانے والی ٹرین سے سیاحت، باغبانی، زراعت، صنعتوں، تعلیم اور عام کشمیری کو فروغ ملے گا، جو اب بارش اور برفباری کی وجہ سے اسٹریٹجک جموں سرینگر شاہراہ کے بند ہونے کے بارے میں اپنے خدشات کو بھول سکتے ہیں۔
یہ ٹرین ہر موسم میں بلا تعطل رابطہ فراہم کرے گی اور آنے والے دنوں میں وادی سے سامان کی نقل و حمل بہت سستی ہوجائے گی۔