سرینگر//
جموںکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پنزی نارہ علاقے میں پولیس نے خاتون منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کرا س کے قبضے سے بڑی مقدار میں ممنوعہ نشیلی اشیابرآمد کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شالہ ٹینگ پولیس نے پنزی نارہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک خاتون نے پولیس کو دیکھتے ہی راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلا کر خاتون کو حراست میں لیا۔
پولیس نے خاتون کے قبضے سے ایک کلو ۹۴۰گرام ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کی ہے ۔
خاتون کی شناخت جبینہ بانو زوجہ بشیر احمد ملک کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھرپولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی زائد از ڈیڑھ کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے قاضی گنڈ کے نسو بدرا گنڈ میں خسرہ نمبر۴۲۷پر تعمیر ایک منشیات فروش کے دو دو منزلہ رہائشی مکانات کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن ۶۸کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۴/۱۰۳میں منسلک کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے جو نوجوانوں کو منشیات فروخت کرنے میں ملوث ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں اس کے خلاف این ڈی پی ایس یکٹ کے تحت کئی مقدمے درج ہیں اور اس وقت وہ پی آئی ٹی،این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جموں جیل میں بند ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس کے علاوہ پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں اس کے بھائی بلال احمد گنائی کے خلاف این آدی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۳/۶۴درج ہے جب بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کیا گیا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دونوں جائیدادوں کو منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا’’این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن ۶۸؍ای اور۶۸؍ایف کی تعمیل میں، غیر منقولہ املاک جو ملزمین نے غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی ہے اسے مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر منتقل/بیچنا/خریدنا یا دوسری صورت میں ڈیل نہیں کیا جائے گا۔‘‘
دریں اثناپولیس نے سری نگر میں تین منشیات فروشوں کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر پولیس کے ذریعہ تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر مجاز اتھارٹی سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد تین بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے گئے ۔
بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت لیاقت علی بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن کانہامہ اوقاف چوک نوگام، اشفاق احمد گبرو ولد علی محمد گبرو ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ اور عمر فیاض بٹ عرف عمر ولد فیاض احمد بٹ ساکن شالہ ٹینگ کے طورپر کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ان منشیات فروشوں کو حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں کوٹ بلوال جیل جموں اور ادھم پور جیل میں بند رکھا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کہ یہ منشیات فروش خطرناک پیمانے پر سری نگر کے نوجوانوں میں منشیات کی فروخت میں ملوث تھے اور اس کے علاوہ وہ سری نگر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے کئی مقدمات میں بھی ملوث تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود مذکورہ منشیات فروش اپنے حرکات سے باز نہیں آئے اور غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں میں ڈھٹائی سے منشیات کو فروغ دے رہے تھے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پی آئی ٹی ، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس قانون کی پوری طاقت کے ساتھ خطے میں منشیات فروشی کو ختم کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس منشیات کے کاروبار کے خاتمے اور ایک محفوظ، منشیات سے پاک معاشرے کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جو کہ نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے بچانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔