سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں متعدد مقامات پر ممنوعہ تنظیموں کے ملی ٹینسی سے متعلق معاملات میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر کے اضلاع میں پولیس نے کالعدم تنظیموں کے ملی ٹینسی سے متعلق معاملات میں متعدد رہائشی مکانوں کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا’’یہ تلاشی کارروائیاں تحریک حریت، جے کے ڈی ایف پی اور جے کے پیپلز لیگ نامی کالعدم تنظیموں سے متعلق یو اے پی اے کے تحت درج مقدمات کی تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئیں‘‘۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بوٹینگو سوپور میں پولیس نے کالعدم تنظیم جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ وابستہ رکن کے گھر کی تلاشی لی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدی ضلع کپواڑہ میں بھی تحریک حریت ، جے کے ڈی ایف پی اور مسلم لیگ کے خلاف پولیس نے کریک ڈاون کا دائرہ وسیع کیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی اعلیٰ الصبح پولیس نے کپواڑہ کے کرالہ پورہ ، کھر ہامہ، مین ٹاون کپواڑہ اور درگمولہ میں تحریت حریت، اور مسلم لیگ سے وابستہ کارکنوں کے گھروں کو کھنگالا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران پولیس نے ممنوعہ تنظیم سے وابستہ مجرمانہ مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلعی مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں پولیس نے تلاشی کارروائیوں کو انجام دیا ہے ۔
ادھر ہندواڑہ پولیس نے بھی ممنوعہ تنظیموں کے ملی ٹینسی سے متعلق معاملات میں تلاشی کارروائیاں انجام دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق منگل کے روز ہندواڑہ پولیس نے متعدد مقامات پر تلاشی لی جس دوران قابل اعتراض مواد کو برآمد کیا گیا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں منگل کے روز پولیس نے کالعدم تنظیموں سے وابستہ ممبران کے گھروں کی تلاشی لی ہے ۔
دریں اثنا وسطی ضلع گاندربل میں بھی پولیس نے ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ مشتبہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق گاندربل کے شوہامہ ددرہامہ ، سالورہ ، تولہ مولہ اور لار علاقوں میں متعدد مقامات پر پولیس نے مشتبہ افراد کے رہائشی مکانوں پر چھاپہ مار کارروائیوں کو انجام دیا۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کارروائی کے دوران پولیس نے قابل اعتراض مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے ۔
موصوف ترجمان کے مطابق ان تنظیموں کو سال ۲۰۲۴میں کالعدم قرار دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چھاپے مار کارروائیاں انجام دے کر جموں وکشمیر پولیس مرکزی زیر انتظام علاقے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا’’دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کیلئے مستقبل میں بھی غیر قانونی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘‘۔
باوثوق ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آنے والے دنوں کے دوران وادی بھر میں ممنوعہ تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاون میں مزید شدت لائی جائے گی۔