جموں//
جموں صوبے میں حالیہ واقعات کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے گاڑیوں اور راہگیروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق، کٹھوعہ انکاؤنٹر کے پیش نظر جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز جموں شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ناکہ پوائنٹس قائم کیے ، جہاں ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی تھی۔
جموں شہر کے ساتھ ساتھ راجوری، پونچھ، کشتواڑ، ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے حساس علاقوں میں بھی جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیرا نگر علاقے میں جاری انکاؤنٹر کے پیش نظر جموں کے پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق، کٹھوعہ کا سرحدی علاقہ ڈوڈہ سے جڑا ہونے کے سبب یہاں ملی ٹینٹوں کی ممکنہ نقل و حرکت کے پیش نظر اہم شاہراہوں اور پلوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، اور کسی بھی شہری کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں بھی لائن آف کنٹرول کے متصل جنگلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے سخت پہرے بٹھا دیے ہیں۔