سرینگر//
سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سنگلان جنگل علاقے میں ملی ٹنٹوں کی ایک کمین گاہ کا پردہ فاش کرکے کچھ اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’انسداد دہشت گردی کی ایک اہم کارروائی میں، اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اننت ناگ‘۱۹راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے پولیس اسٹیشن اترسو کے دائرہ اختیار میں سنگلان جنگل کے اونچے حصے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا کامیابی سے پردہ فاش کیا‘‘۔
ترجمان نے کہا’’مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، سیکورٹی فورسز نے گھنے جنگل علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن چلایا جس کے نتیجے میں ٹھکانے کا پتہ چلا‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دہشت گرد اس ٹھکانے کو لاجسٹک بیس کے طور پر استعمال کر رہے تھے ۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹھکانے سے۲سو خالی اے کے کارٹرج‘۲گیس سلینڈر، ایک چینی ساخت کا پستول، ایک نائٹ وژن ڈیوائس، بستر، برتن اور کھانے کے پیکٹ بر آمد کئے گئے ۔
انہوں نے کہا’’اس مواد کی برآمدگی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت میں خفیہ ٹھکانے کے کردار کو نمایاں کرتی ہے اور یہ کامیاب آپریشن اننت ناگ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف انتھک لڑائی اور خطے کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی ان کی کوششوں کے عزم کو تقویت دیتا ہے ۔‘‘