دبئی// انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اپنے میڈیا رائٹس کو اگلے آٹھ برسوں کے لیے فروخت کرنے جا رہی ہے۔
پچھلی بار کے مقابلے اس بار اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ میڈیا کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے پیش نظر، آئی سی سی سب سے پہلے، اگلے ہفتے سے صرف ہندوستانی مارکیٹ میں داخل ہوگی۔ وہ مردوں اور خواتین کے ٹورنامنٹس کے نشریاتی حقوق کوالگ الگ فروخت کرے گی اور ڈیجیٹل حقوق بھی الگ سے فروخت کرے گی۔
آئی سی سی کا پہلے ہندوستان آنے کا فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کی اس ڈیل کو بہترسے بہتر بنانے کی خواہش ہے۔ ماضی میں آئی سی سی نے مردوں اور خواتین کے ٹورنامنٹس کو ایک ساتھ ملا کر عالمی سطح پر حقوق فروخت کیے ہیں۔ اب آئی سی سی بولی لگانے والوں سے مزید مقابلے کی امید میں مختلف شعبوں میں حقوق فروخت کرنا چاہتی ہے۔ اس سے معاہدے کی کل مالیت میں اضافہ ہوگا۔
جب حقوق پہلی بار ہندوستانی مارکیٹ کے لیے فروخت کیے جائیں گے، تو زیادہ سے زیادہ چھ پیکجز صرف ٹی وی پر، صرف ڈیجیٹل یا دونوں ایک ساتھ۔ دستیاب ہوں گے۔ ممکنہ بولی لگانے والے مردوں کے 16 عالمی ٹورنامنٹس (آٹھ برسوں میں) اور چھ خواتین کے عالمی ٹورنامنٹس (چاربرسوں میں) کے لیے 362 اور 103 میچوں کی بولی لگاسکتے ہیں۔ ان اعداد و شمار میں صرف سینئر لیول کے میچز شامل ہیں۔ مردوں اور خواتین کے انڈر 19 ورلڈ کپ (ون ڈے اورٹی20) ڈیل کا حصہ ہوں گے، لیکن یہ اعداد و شمار اضافی ہیں۔
آئی سی سی کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "خواہش مندپارٹیوں کومردوں کے ایونٹس کے پہلے چاربرسوں کے لئے بولی لگانے کی ضرورت ہوگی۔ تاہم، ان کے پاس آٹھ سال کی پارٹنرشپ کے لیے بولی لگانے کا اختیار بھی ہے۔” اگر کوئی پیکج صرف چار سال کے لیے فروخت کیاجاتا ہے تو آئی سی سی دوسری چار سال کی مدت کے لیے حقوق فروخت کرنے کے لیے ایک اور مدت دے گا۔