جموں//
جموں کشمیر ہائی کورٹ نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کیلئے پانچ ایم ایل اے نامزد کرنے کے لیفٹیننٹ گورنر کے مطلق اختیارات کو چیلنج دینے والی مفاد عامہ کی عرضی پر آخری سماعت کیلئے۳۰ اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔
سابق ایم ایل سی اور چیف ترجمان جے کے پی سی سی ایڈوکیٹ رویندر شرما کی جانب سے دائر کی گئی پی آئی ایل جمعرات کو جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس راجیش سیکھری پر مشتمل خصوصی ڈویڑن بنچ کے سامنے آئی۔
معاملے کی سماعت کے دوران درخواست گزار رویندر شرما نے بنچ کو بتایا کہ متعدد مواقع کے باوجود مدعا علیہان کی جانب سے کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا اور انہوں نے اس معاملے کی جلد سماعت کی درخواست کی، جو عوامی اہمیت کا حامل ہے۔
اس پر بنچ نے معاملے کو حتمی سماعت کیلئے۳۰؍ اپریل کو درج کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر سماعت کی اگلی تاریخ سے پہلے دلائل مکمل نہیں کیے جاتے ہیں تو مزید کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔
دریں اثنا درخواست گزار رویندر سنگھ اور گردیو سنگھ کی طرف سے ایڈووکیٹ ایس ایس احمد بھی پیش ہوئے اور عدالت سے درخواست کی کہ ان کی مداخلت کی درخواست کو منظور کیا جائے۔
درخواست گزار رویندر شرما نے اس درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
پی آئی ایل اب ۳۰؍ اپریل کو آئے گی اور آخر کار اس پر شنوائی ہوگی، بھلے ہی اس تاریخ سے پہلے دوسری طرف سے کوئی جواب داخل نہ کیا جائے۔