سرینگر//
بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رینا نے بدھ کے روز کہاکہ کولگام میں لاپتہ ہوئے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہونے کے معاملے کا پولیس نے سخت نوٹس لیا ہے ۔
رینا نے کہاکہ پولیس سربراہ نالین پربھات نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہوگی ۔
اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رینا بدھ کے روز قاضی گنڈ کے باغ مدینہ گاوں پہنچے اور وہاں پر متاثرین کے ساتھ ملاقات کی ۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران رویندر رینا نے کہاکہ قاضی گنڈ میں افسوسناک واقع پیش آیا ہے اوراس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
رینا نے کہاکہ ایک ماہ قبل گوجر بکروال قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان لاپتہ ہوئے جن میں سے بعد میں شوکت بجاڑ اور ریاض احمد کی نعشیں برآمد کی گئیں جبکہ مختیار احمد ہنوز لاپتہ ہے ۔
بی جے پی لیڈرنے کہا’’ ہم پوری کوشش کریں گے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ملے ‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے بعد اگر سازش پائی گئی تو ملوثین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس چیف نالین پربھات کے ساتھ فون پر بات ہوئی اور انہوں نے بھی یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہوگی اور قصورواروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔