سرینگر//
کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے ) نے منگل کو کہا کہ انہوں نے وسطی کشمیر کے سرینگر ضلع کے شالیمار علاقے سے ایک بنیاد پرست سوشل میڈیا صارف کو گرفتار کیا ہے ۔
سی آئی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس پر کام کرتے ہوئے اور سوشل میڈیا کی نگرانی کے دوران سی آئی کے کی ایک ٹیم نے کامیابی کے ساتھ فیس بک پر ایک بنیاد پرست سوشل میڈیا ہینڈل’شیڈی کشمیر ڈرائی فروٹس‘چلانے والے ایک فرد کی شناخت کی اور اسے گرفتار کر لیا جو اس ہینڈل کا استعمال امن کو خراب کرنے کے ارادے سے انتہا پسندانہ مواد پھیلانے کے لیے کر رہا تھا۔
ترجمان نے کہا’’آن لائن سرگرمی کے بارے میں معلومات موصول ہونے پر فوری طور پر تحقیقات شروع کی گئیں اوراس دوران اس کو چلانے والے مشتبہ شخص کی شناخت شوکت احمد ڈار ولد غلام احمد ڈار، ساکن دودھ محلہ شالیمار سری نگر کے طور پر کی گئی‘‘۔
ان کا کہنا ہے’’سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والا شوکت احمد ڈار دہشت گردی، دہشت گرد کمانڈروں کی تعریف کرنے اور نوجوان ذہنوں میں ملک دشمن جذبات کو بھڑکانے کیلئے سرگرم مواد پوسٹ کرنے اور شیئر کرنے میں مصروف پایا گیا‘‘۔
ترجمان نے کہا’’مشتبہ شخص کا سراغ لگانے کی کوششوں میں اس کی مسلسل نقل و حرکت اور مقام کی تبدیلی کی وجہ سے ابتدائی طور پر رکاوٹیں آئیں تاہم، اسے اس کے الیکٹرانک ڈیوائس سمیت پکڑنے کے لیے زمینی سطح پر ایک مربوط حکمت عملی پر کام کیا گیا‘‘۔
سی آئی کے ترجمان نے کہا’’ڈیجیٹل آلات کے ابتدائی معائنے میں انتہا پسندانہ فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی کا انکشاف ہوا جس میں مجرمانہ مواد اور مہلوک دہشت گرد کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ویڈیو اور دیگر انتہا پسندانہ پروپیگنڈا بھی شامل ہے ‘‘۔
ترجمان کا کہنا ہے’’یہ اجاگر کرنا بہت ضروری ہے کہ شوکت احمد ڈار کی بنیاد پرست سرگرمیوں کی ایک تاریخ رہی ہے اس سے قبل اس کو۲۰۱۹میں سری نگر کے ہارون پولیس اسٹیشن نے پتھراؤ کے واقعات میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا علاوہ ازیں۲۰۲۲میں اس کو سائبر پولیس اسٹیشن سری نگر نے بنیاد پرست مواد کی آن لائن نشریات میں ملوث ہونے پر حراست میں لیا تھا‘‘۔
ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی درخواست پر تمام سوشل میڈیا سروس فراہم کرنے والوں نے خاص طور پر جموں و کشمیر میں بنیاد پرست پروپیگنڈے کی نگرانی کے لیے خصوصی یونٹ قائم کیے ہیں اور ان کے مانیٹرنگ یونٹ کی طرف سے اس طرح کی کوئی بھی بنیاد پرست سرگرمی جیسے ہی نظر آتی ہے اس کی اطلاع سیکورٹی ایجنسیوں کو دی جاتی ہے ۔
سی آئی کے ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی یہ مشترکہ کارروائیاں سوشل میڈیا کمپنیوں کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹس کے ساتھ مل کر بہت سے بنیاد پرست ماڈیولز کا قلع قمع کرنے اور ممکنہ دہشت گردوں کی نشاندہی کرنے میں ذمہ دار ہیں۔