نئی دہلی//
افواج کی تینوں سروسزمیں جوانوں کی بھرتی کی نئی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف ملک کی کئی ریاستوں میں احتجاجی مظاہروں کے درمیان آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے کورونا وباء کے سبب گزشتہ دو برسوں سے بھرتی سے محروم سے اپیل کی کہ وہ فوج میں شامل ہونے کے اس موقع سے استفادہ کریں ۔
جنرل پانڈے نے جمعہ کے روز کہا کہ ۲۰۲۲میں ہونے والی اگنی ویروں کی بھرتی کے لیے عمر کی حد دو سال بڑھا کر۲۳سال کر دی گئی ہے ۔
فوجی سربراہ نے کہا کہ حکومت کے اس حساس فیصلے سے محب وطن نوجوانوں کو موقع ملے گا جو کورونا وبا کے باعث فوج میں بھرتی ہونے کی تیاری کر رہے تھے ۔
جنرل پانڈے نے کہا کہ فوج میں اگنی وروں کی بھرتی کے تفصیلی شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج ملک کے نوجوانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوج میں شامل ہونے کے اس موقع سے استفادہ کریں ۔
واضح رہے کہ حکومت نے تینوں سروسز میں جوانوں کی بھرتی میں اگنی پتھ نئی اسکیم کا اعلان کیا ہے جس میں بھرتی ہونے والوں کی میعاد چار سال تک رکھی گئی ہے ۔ ملک بھر میں نوجوان اس کے خلاف احتجاج میں مظاہرے اور آتش زنی کے واقعات کو انجام دے رہے ہیں ۔
دریں اثنا ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر یوٹی میں بھی ’اگنی پتھ‘’ اسکیم کے خلاف نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور جلوس نکالا۔
جموں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آرمی میں بھرتی ہونے کے خواہاں اُمیدواروں پر لاٹھیاں برسائیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائیں ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ’اگنی پتھ ‘ اسکیم کے خلاف جموں کے مختلف اضلاع میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور اسکیم کو نوجوان کش بتایا ۔
نامہ نگارنے کہاکہ کٹھوعہ میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے جموں پٹھان کوٹ شاہراہ پر دھرنا دیا اور سرکاری کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے بتایا کہ وہ آرمی میں بھرتی ہونے کی خاطر پچھلے تین برسوں سے امتحان کی تیاری کر رہے تھے تاہم مرکزی حکومت نے بیک جنبش اگنی پتھ اسکیم کو لاگو کرکے امتحانات کو منسوخ کرایا ۔
دریں اثنا کنجونی جموں میں بھی نوجوانوں نے ہاتھوں میں ترنگا لئے احتجاجی مظاہرئے کئے اور شاہراہ کے متصل ایک پارک میں دھرنا دیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پولیس نے یہاں دھرنے پر بیٹھے نوجوانوں کو منتشر کیا جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔
نامہ نگار نے کہاکہ جموں میں کئی ایک مقامات پر نوجوانوں کو منتشر کرنے کی خاطر پولیس کو ڈنڈے بھی برسانے پڑے اور کئی ایک کو گرفتار بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں جموں میں آرمی ریکروٹمنٹ دفتر کے باہر بھی نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ جس طرح سے آرمی کی بھرتی کے لئے تحریری امتحانات لئے جارہے تھے یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے کیونکہ اگنی پتھ اسکیم میں بہت ساری خامیاں ہیں ۔