نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بدھ کو قومی دارالحکومت میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہولی کے موقع پرمفت سلنڈر دینے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم مودی نے انتخابات سے پہلے دہلی کی خواتین سے بہت سے وعدے کئے تھے ۔ بی جے پی کا 8 مارچ تک خواتین کو 2500 روپے دینے کا وعدہ محض نعرہ اور دھوکہ ثابت ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے ہولی-دیوالی پر ہر خاتون کو مفت سلنڈر دینے کا دوسرا وعدہ کیا تھا۔ دہلی کی خواتین مفت سلنڈر کے وعدے کے پورا ہونے کا انتظار کر رہی ہیں۔ ہولی میں ابھی دو دن باقی ہیں۔ دہلی کی خواتین انتظار کر رہی ہیں کہ کیا انہیں مفت سلنڈر ملے گا یا 2500 روپے کی طرح ہی جملہ ثابت ہوگا۔
اے اے پی کا کہنا ہے کہ دہلی میں بی جے پی کو اس کے انتخابی وعدوں کی یاد دلانا اب جرم بن گیا ہے ۔پارٹی لیڈروں اور کارکنوں نے بی جے پی کو ہولی پر مفت سلنڈر دینے کے اس کے انتخابی وعدے کی یاد دلائی تو دہلی پولیس نے انہیں آئی ٹی او پر حراست میں لے لیا۔ بی جے پی نے پہلے خواتین کو 2500 روپے دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا اور اب مفت سلنڈر دینے سے مکرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ کیا بی جے پی اپنے تمام وعدے جملے ثابت کرے گی؟
دہلی کی سابق میئر ڈاکٹر شیلی اوبرائے سمیت اے اے پی کارکنوں نے منڈی ہاؤس میں احتجاج کیا اور بی جے پی سے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسی طرح کالکاجی اور سنگم وہار سمیت دیگر جگہوں پر پارٹی کارکنوں نے سلنڈر لے کر مظاہرہ کیا اور کہا کہ 2500 روپے کا وعدہ تو جملہ نکلا، کیا ہولی پر مفت سلنڈر ملے گا یا یہ بھی جملہ نکلے گا؟
اے اے پی کے سابق ایم ایل اے ریتوراج جھا نے کہا کہ وزیر اعظم نے انتخابات سے پہلے دہلی کے لوگوں سے بہت سے وعدے کیے تھے ۔ اس میں خواتین کے کھاتے میں 2500 روپے جمع کرنے اور ہولی-دیوالی پر ایک سلنڈر مفت دینے کے دو بڑے وعدے تھے ۔ خواتین کو 8 مارچ تک 2500 روپے ادا کرنے تھے ۔ اب 8 مارچ گزر چکا ہے لیکن خواتین کی رجسٹریشن ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔ پیسہ آنا بہت دور کی بات ہے ۔ اب دہلی کی خواتین ہولی پر مفت سلنڈر حاصل کرنے کا انتظار کر رہی ہیں۔