سرینگر//
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں۱۰مارچ سے ۴دنوں کو محیط وسیع پیمانے پر ہلکی درجے کی برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے ۲۴گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں۱۰سے ۱۴مارچ تک وسیع پیمانے پر ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ ۱۰مارچ کو کشمیر میں وسیع پیمانے پر برف و باراں متوقع ہے جبکہ اس دن جموں صوبے میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
دریںاثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت ایک سے۲ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں جموں کے بغیر شبانہ درجہ حرارت معمول کے مطابق ریکارڈ ہوا ہے ۔
کشمیر میں سیاحتی مقام سونہ مرگ سرد ترین مقام رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی۳ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں ہفتے کو صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے صحنوں، پارکوں اور دکان تھڑوں پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔