سرینگر//
جموںکشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق قرہ کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کی ترقی کیلئے اسمبلی کے تمام ممبروں کو ایوان میں سوچ سمجھ کر اپنے الفاظ کا استعمال کرنا چاہئے ۔
قرہ نے کہا کہ ۱۳جولائی کے متعلق کچھ سینئر ممبروں کے توہین آمیز الفاظ سے اسمبلی کا ماحول خراب ہوا۔
بجٹ کے بارے میں انہوں نے امید ظاہر کی کل پیش ہونے والا بجٹ عوام دوست بجٹ ہوگا۔
کانگریسی یونٹ صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
قرہ نے گذشتہ روز اسمبلی میں۱۳جولائی پر ہوئی ہنگامہ آرائی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا’’گذشتہ دو تین دنوں سے اسمبلی اچھے ماحول میں چل رہی تھی لیکن بد قسمتی سے کچھ سینئر ممبروں نے ۱۳جولائی کے متعلق ہتک آمیز الفاظ کا استعمال کیا، جو نہیں کیا جانا چاہئے تھا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’ہمیں یہ احساس ہونا چاہئے کہ مشکل سے جمہوریت کا نظام بحال ہوا ہے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یونین ٹریٹری کی ترقی کے لئے ہائوس میں اچھے طریقے سے پیش آنا چاہئے اور سوچ سمجھ کر اپنے الفاظ کا استعمال کرنا چاہئے ‘‘۔
وزیر خارجہ کے ایک بیان کے بارے میں قرہ نے کہا’’پارلیمنٹ میں ایک قرار داد پاس ہوا ہے کہ پاکستان زیر قبضہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے ‘‘۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’عام لوگوں کے مسائل اٹھانے کیلئے اسمبلی میں ایسا ماحول ہونا چاہئے تاکہ جو ہمیں منڈیٹ ملا ہے اس کو پورا کیا جا سکے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائوس کو منظم رکھنا صرف اسپیکر کی ہی نہیں بلکہ تمام ممبران کی ذمہ داری ہے ۔
بجٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر قرہ نے کہا’’امید کرتے ہیں کہ بجٹ عوام دوست ہوگا تاہم اس میں یہ دیکھنا ہوگا کہ مرکزی بجٹ میں جو جموں وکشمیر کے پرویژنز کم ہوئے تھے ان کو سرکار کس طرح پورا کرے گی۔‘‘