لاہور //
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ہندوستانی بلے باز ویرات کوہلی کی خراب فارم پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ان کے پاس ایسے کھیل میں نمبر ون بلے باز بننے کا حوصلہ اور پیاس ہے جہاں رویہ ہی سب کچھ ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ میں رویہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اسی کے بارے میں میں سب سے زیادہ بات کرتا ہوں۔
کرکٹ کی طرف آپ کا رویہ ہے یا نہیں؟ ،کوہلی اپنے کیریئر کے شروع میں دنیا کا نمبر 1 بلے باز بننا چاہتا تھا، کیا وہ اب بھی اسی حوصلہ کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا ہے؟ یہی بڑا سوال ہے‘‘۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز 2019ء سے اپنے کیریئر کے انتہائی مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ میں مایوس کن پرفارمنسز کے بعد انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچوں کی T20I سیریز میں آرام دیا گیا۔
شاہد آفریدی جو 2009ء کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے، نے کہا کہ یہ ویرات کوہلی پر منحصر ہے کہ وہ کرکٹ کے بارے میں اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہتے ہیں یا محض اپنے کیریئر کے آخری مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی کے پاس کلاس ہے لیکن کیا وہ واقعی دوبارہ نمبر 1 بننا چاہتا ہے؟ یا وہ سوچتا ہے کہ اس نے زندگی میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے؟ اب صرف آرام کریں اور وقت گزریں؟ یہ سب رویے کے بارے میں ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور پھر آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کیلئے 2 نصف سنچریوں کے ساتھ صرف341 رنز بنانے کے باعث متعدد سابق اور موجودہ کرکٹرز نے کوہلی کو اپنی فارم بحال کرنے اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے کھیل سے وقفہ لینے کا مشورہ دیا۔ بدھ کو امام الحق نے آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، وہ تیسرے نمبر پر آگئے۔