نئی دہلی// دہلی اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے خطاب کے دوران ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی وجہ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے 21 اراکین اسمبلی بشمول اپوزیشن لیڈر آتشی کو تین دن کے لیے معطل کر دیا گیا۔
مسٹر سکسینہ کے خطاب کے دوران آپ کے اراکین اسمبلی کی طرف سے پیدا ہونے والے خلل کی وجہ سے کابینی وزیر پرویش صاحب سنگھ نے ایوان میں ایک تحریک پیش کی، جس میں غیر اخلاقی کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا، جس کی رکن اسمبلی ابھے ورما نے حمایت کی جنہوں نے تمام 21 اراکین کو تین دن کے لیے معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے آج آتشی سمیت 21 اراکین کو تین ورکنگ ڈیز کے لیے معطل کرنے کی تجویز پیش کی، جسے ایوان نے صوتی ووٹ سے منظور کرلیا۔
قابل ذکر ہے کہ آپ کے 22 اراکین اسمبلی میں سے اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان آج ایوان میں موجود نہیں تھے ۔