سرینگر//
وزیر اعلیٰ ‘عمر عبداللہ کہنا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں امسال پانی کے ممکنہ شدید بحران سے نمٹنے کیلئے محکمہ جل شکتی کی طرف سے کئے جانے والے اقدام کا جائزہ لیں گے ۔
عمر نے کہا’’میں اگلے چند مہینوں میں جموں کشمیر کے لوگوں سے بھی بات کروں گا کہ ہم اجتماعی طور پر اس بحران سے نمٹنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں‘‘۔
بتادیں کہ ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال آنے والے موسم سرما میں پانی کے شدید بحران کا باعث بن سکتا ہے باوجودیکہ ایک فعال مغرابی ہوا کے نتیجے میں۲۰فروری کو برف و باراں کی توقع ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’جموں کشمیر اس سال پانی کے بحران سے دوچار ہو سکتا ہے یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے درحقیقت یہ صورتحال گذشتہ چند سالوں سے بن رہی ہے ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’گرچہ حکومت کو پانی کے انتظام اور تحفظ کے لیے زیادہ فعال اپروچ اپنانا ہو گا لیکن یہ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں ہے جموں کشمیر کے ہم سب باشندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی کے استعمال کیلئے اپنے طریقہ کار کو تبدیل کریں اور پانی کو معمولی نہ سمجھیں‘‘۔
عمر عبداللہ نے کہا’’میں محکمہ جل شکتی کی طرف سے اس بحران سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدام کا جائزہ لوں گا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے پوسٹ میں مزید کہا’’میں اگلے چند مہینوں میں جموں و کشمیر کے لوگوں سے بھی بات کروں گا کہ ہم اجتماعی طور پر اس بحران سے نمٹنے کیلئے کیا کر سکتے ہیں۔‘‘