نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے۲۰۱۹میں پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر اپنے پیغام میں لکھا’’سال۲۰۱۹میں پلوامہ میں جان گنوانے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت۔ آنے والی نسلیں ملک کیلئے ان کی قربانی اور لگن کو کبھی فراموش نہیں کریں گی‘‘۔
وزیر داخلہ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا’’سال۲۰۱۹میں آج کے دن پلوامہ میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو ملک کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردی پوری انسانیت کا سب سے بڑا دشمن ہے اور اس کے خلاف پوری دنیا متحدہو چکی ہے ۔ چاہے سرجیکل اسٹرائیک ہو یا ایئر اسٹرائیک، مودی حکومت دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کی مہم چلاکر انہیں مکمل طور پر تباہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ‘‘۔
اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے‘ سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی جموں کشمیر میں۲۰۱۹میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے سی آر پی ایف کے۴۰جوانوں کو آج خراج عقیدت پیش کیا۔
کھڑگے نے کہا ’’ایک مقروض قوم کے طور پر‘ ہم اپنے پلوامہ کے شہیدوں کی بے مثال ہمت اور قربانی کو سلام کرتے ہیں۔ ہم تہہ دل سے اُن کے شکر گزار ہیں ۔مادر وطن ہندوستان کے لیے ان کی بے لوث قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘‘۔
گاندھی نے کہا’’میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے اپنے بہادر فوجیوں کو دل کی گہرائیوں سے عزت اور عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہندوستان ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا‘‘۔
واڈرا نے کہا’’ہم اپنے بہادر سپاہیوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں عظیم قربانی دی۔ ملک ہمیشہ بہادر شہداء اور ان کے خاندانوں کا مقروض رہے گا۔ جئے ہند۔‘‘
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پلوامہ حملے میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ مادر وطن کی خدمت کے تئیں ان جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ایل جی نے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمعہ کے روز’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’میں سال۲۰۱۹کے پلوامہ میں ہوئے گھناؤنے حملے کے بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں‘‘۔
سنہا نے کہا’’مادر وطن کی خدمت میں ان جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’ہمارے بہادر ہیروز کی ہمت اور ان کا بے لوث عزم آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔‘‘
بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں۱۴فروری۲۰۱۹کو ایک خود کش حملے میں۴۰سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔