نئی دہلی// راجیہ سبھا کی کارروائی جمعرات کو 10 مارچ تک ملتوی کر دی گئی جس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا۔ قبل ازیں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھا کی کارروائی 10 مارچ تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان میں مرکزی بجٹ 2025-26 پر بحث پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا جواب مکمل ہوتے ہی کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس صدر کے خطاب سے شروع ہوا۔ اس کے بعد صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک اور بجٹ پر دونوں ایوانوں میں بحث ہوئی۔ وقف ترمیمی بل سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ جمعرات کو دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان پیش کی گئی۔ انکم ٹیکس بل 2025 لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ بعد ازاں بل کو جائزہ اور سفارش کے لیے سلیکٹ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے شروع ہوا تھا۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے شروع ہوگا۔
ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے سے پہلے مسٹر برلا نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کے دوران اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی۔ ایوان کی کام کی پیداواری صلاحیت 112 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر ایوان میں 17 گھنٹے 23 منٹ تک معنی خیز بحث ہوئی اور 173 ارکان نے اس میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بجٹ پر 16 گھنٹے 13 منٹ بحث کی گئی اور اس دوران 170 ارکان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔