نینی تال// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کو اتراکھنڈ میں جاری 38 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
مسٹرپشکر سنگھ دھامی نے آج ہلدوانی کے گولاپار انٹرنیشنل اسپورٹس اسٹیڈیم پہنچ کر جمعہ کو منعقد ہونے والی اختتامی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ریاست کی وزیر کھیل ریکھا آریہ بھی موجود تھیں۔ مسٹر دھامی نے ضلع کمشنر دیپک راوت اور محکمہ کھیل کے افسران سے بات کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 جنوری کو دہرادون میں نیشنل گیمز کا افتتاح کیا تھا۔
مسٹر دھامی نے اس موقع پر کہا کہ اتراکھنڈ میں پہلی بار قومی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ہے اور یہ ریاست کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ریاست نے کامیابی کے ساتھ قومی کھیلوں کا انعقاد کیا اور یہاں کھلاڑیوں نے بھی اس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اختتامی تقریب کی تمام تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ریاست میں کھیلوں کی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ضرورت کا اعادہ کیا۔