مظفرنگر// راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ سربراہ موہن بھاگوت نے آج کہا کہ پورے دنیا میں پھیلی بدامنی جیسی صورتحال کو ختم کرنے کے لئے ہندوستان کا عالمی طاقت بننا ضروری ہے اس کے لئے ہر ایک شہری کی شراکت داری چاہئے۔
بھاگوت بدھ کی دوپہر مظفر نگر سے تقریبا 24کلومیٹر دور کھتولی کے محلہ درگاپوری واقع کرشن مندر کے 65ویں سالانہ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ پورے ملک کے سنتوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذات۔پات، اونچ۔نیچ کو ختم کرنے پر ہی ترقی ممکن ہے۔
ڈاکٹر بھاگوت نے کہا کہ سارا سماج ایک ساتھ رہے۔ سب مل کر آگے چلیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب پر بحران آتے ہیں۔شریر و دہرئیے حملہ کرتے ہیں لیکن ایسے وقت میں طاقت کے ساتھ شائستہ رہنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا مندر جائیں، سنتوں کو سنیں اور مذہبی عمل کے ساتھ تحفظ کریں۔ خدمت مذہب کا حصہ ہے اور دوسروں کی مدد کرنا خدمت ہے۔ سچ جاننے کے لئے انسان کا پاک باز ہونا ضروری ہے۔ وعظ ونصیحت کسی بھی فرقے کے لئے مفید ہوتا ہے۔ سنتوں کی سنیں گے تو غرور دورہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی طاقت بنے گا اس کے لئے ہر ایک شہری شراکت دار بنے۔ اس میں شبہ نہیں ہے کہ وشوگرو بننے سے دنیا میں پھیلی بدامنی ختم ہوسکے گی۔ ایک وقت تھا جب مندروں میں مذہب کے علاوہ روزگار،آرت اور تعلیم بھی دی جاتی تھی۔ لیکن باہری لوگوں سے سب سے پہلے ہماری اسی طاقت کو ختم کیا۔
موہن بھاگوت اس کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل زرعی یونیورسٹی پہنچے۔ جہاں آبی تحفظ کے ضمن میں منعقد ایک سیمنار بموضوع چیلنجز اور حل میں وہ مہمان خصوصی کی حیثیت شامل ہوئے اور شرکاء سے خطاب کیا۔